فِلپّیوں
1 پولُس اور تیمُتھیُس کی طرف سے جو مسیح یسوع کے غلام ہیں، اُن تمام مُقدسوں اور کلیسیا* کے بزرگوں اور خادموں کے نام جو فِلپّی میں مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں:
2 ہمارا باپ خدا اور ہمارے مالک یسوع مسیح آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کریں۔
3 جب بھی مَیں آپ کو یاد کرتا ہوں، مَیں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں 4 اور آپ کے لیے خوشی سے اِلتجا کرتا ہوں 5 کیونکہ آپ نے پہلے دن سے لے کر آج تک خوشخبری پھیلانے کے سلسلے میں بہت کچھ کِیا ہے۔ 6 مجھے پورا یقین ہے کہ خدا، مسیح یسوع کے دن تک اُس اچھے کام کو پورا کرے گا جو اُس نے آپ لوگوں میں شروع کِیا ہے۔ 7 اور اِس بات پر یقین کرنا مناسب بھی ہے کیونکہ آپ میرے دل میں بسے ہیں اور خدا کی عظیم رحمت میں میرے حصےدار ہیں کیونکہ آپ نے نہ صرف قید میں بلکہ خوشخبری کا دِفاع کرنے اور اِسے قانونی حیثیت دینے میں بھی میرا ساتھ دیا۔
8 خدا گواہ ہے کہ مَیں آپ کو بہت یاد کرتا ہوں کیونکہ مَیں آپ کے لیے اُتنی ہی شفقت رکھتا ہوں جتنی مسیح یسوع رکھتے ہیں۔ 9 مَیں ہمیشہ یہ دُعا کرتا ہوں کہ صحیح علم اور سمجھ کے ساتھ ساتھ آپ کی محبت بھی بڑھتی جائے 10 اور آپ معلوم کرتے رہیں کہ کون سی باتیں زیادہ اہم ہیں تاکہ آپ مسیح کے دن تک پاک رہیں اور دوسروں کے ضمیر کو ٹھیس نہ پہنچائیں۔ 11 میری یہ بھی دُعا ہے کہ آپ یسوع مسیح کے ذریعے کثرت سے نیکی کا پھل پیدا کریں تاکہ خدا کی بڑائی اور تعریف ہو۔
12 بھائیو، مَیں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ میری صورتحال کی وجہ سے اصل میں خوشخبری کو فروغ ملا ہے 13 کیونکہ شاہی دستے اور باقی لوگوں کو پتہ چل گیا ہے کہ مَیں مسیح کی خاطر قید ہوں۔ 14 اور میری قید کے بارے میں سُن کر مالک کی خدمت کرنے والے زیادہتر بھائیوں کا اِعتماد بڑھ گیا ہے اور وہ اَور زیادہ دلیری سے بِلاجھجک خدا کا کلام سنا رہے ہیں۔
15 یہ سچ ہے کہ کچھ لوگ حسد اور مقابلہبازی کی وجہ سے مسیح کے بارے میں مُنادی کرتے ہیں جبکہ دوسرے اچھی نیت سے ایسا کرتے ہیں۔ 16 جو لوگ اچھی نیت سے مسیح کی مُنادی کرتے ہیں، وہ محبت کی بِنا پر ایسا کرتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ مجھے خوشخبری کا دِفاع کرنے کے لیے مقرر کِیا گیا ہے۔ 17 لیکن جو لوگ حسد اور مقابلہبازی کی وجہ سے مُنادی کرتے ہیں، وہ اچھی نیت سے ایسا نہیں کرتے کیونکہ وہ میرے خلاف ہیں اور قید میں میرے لیے مشکلات کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔ 18 مگر نیت اچھی ہو یا بُری، نتیجہ ایک ہی نکلتا ہے اور وہ یہ ہے کہ مسیح کی مُنادی ہوتی ہے اور مَیں اِس سے بہت خوش ہوں اور خوش ہوتا رہوں گا 19 کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ اِس کے نتیجے میں مجھے آپ کی دُعاؤں اور یسوع مسیح کی روح کے ذریعے نجات ملے گی۔ 20 مجھے توقع اور اُمید ہے کہ مجھے کسی بھی صورت میں شرمندہ نہیں ہونا پڑے گا بلکہ مَیں دلیری سے بات کروں گا اور پہلے کی طرح اب بھی میرے* ذریعے مسیح کی بڑائی ہوگی، چاہے وہ میری زندگی کے ذریعے ہو یا میری موت کے ذریعے۔
21 جہاں تک میرا تعلق ہے، اگر مَیں زندہ رہوں گا تو مسیح کے لیے زندہ رہوں گا اور اگر مر جاؤں گا تو میرا ہی فائدہ ہوگا۔ 22 اب اگر مَیں جسمانی طور پر زندہ رہوں تو مَیں اپنے کام کے ذریعے زیادہ پھل لاؤں گا۔ لیکن مَیں زندگی کو ترجیح دیتا ہوں یا موت کو، یہ مَیں کسی کو نہیں بتاؤں گا۔ 23 مَیں بڑی اُلجھن میں ہوں کہ اِن دونوں میں سے کس کو چُنوں۔ مگر سچ کہوں تو میری خواہش ہے کہ مَیں جا کر مسیح کے ساتھ رہوں جو میرے لیے زیادہ فائدہمند ہے۔ 24 لیکن یہ زیادہ ضروری ہے کہ مَیں آپ کے لیے زندہ رہوں 25 کیونکہ مجھے پورا یقین ہے کہ اِس میں آپ کا فائدہ ہے۔ اِس لیے مَیں جانتا ہوں کہ مَیں آپ کے فائدے کے لیے اور اُس خوشی کے لیے جو آپ کو اپنے ایمان کی وجہ سے حاصل ہے، زندہ رہوں گا۔ 26 پھر جب مَیں دوبارہ آپ کے پاس آؤں گا تو میری وجہ سے آپ کی خوشی کی اِنتہا نہیں رہے گی کیونکہ آپ مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں۔
27 بس یہ یاد رکھیں کہ آپ کا چالچلن مسیح کی خوشخبری کے لائق ہو تاکہ چاہے مَیں آپ کے پاس آؤں یا نہ آؤں، مجھے خبر ملتی رہے کہ آپ یکدل* اور یکجان ہو کر ثابتقدمی سے چل رہے ہیں اور خوشخبری پر ایمان کو قائم رکھنے کے لیے کندھے سے کندھا ملا کر جدوجہد کر رہے ہیں 28 اور اپنے مخالفوں سے بالکل نہیں ڈرتے۔ اِس سے ثابت ہوتا ہے کہ وہ لوگ ہلاک ہوں گے لیکن آپ نجات پائیں گے۔ اور یہ ثبوت خدا کی طرف سے ہے 29 کیونکہ آپ کو نہ صرف مسیح پر ایمان لانے کا شرف ملا ہے بلکہ اُس کے لیے اذیت اُٹھانے کا بھی۔ 30 آپ ویسی ہی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جیسی مشکلات کا سامنا مَیں نے آپ کے پاس ہوتے ہوئے کِیا تھا اور آپ نے سنا ہوگا کہ مَیں اب بھی ویسی ہی مشکلات کا سامنا کر رہا ہوں۔