1-یوحنا
4 عزیزو، ہر روحانی پیغام* پر یقین نہ کریں بلکہ روحانی پیغاموں* کو آزمائیں تاکہ آپ دیکھ سکیں کہ یہ خدا کی طرف سے ہیں یا نہیں کیونکہ بہت سے جھوٹے نبی اِس دُنیا میں آئے ہیں۔
2 آپ اِس طرح پتہ لگا سکتے ہیں کہ کون سا روحانی پیغام واقعی خدا کی طرف سے ہے: ایسا روحانی پیغام جس میں اِقرار کِیا جاتا ہے کہ یسوع مسیح اِنسان کے طور پر آئے، وہ خدا کی طرف سے ہے۔ 3 لیکن ایسا روحانی پیغام جس میں یسوع کا اِقرار نہیں کِیا جاتا، وہ خدا کی طرف سے نہیں ہے۔ یہی تو مسیح کے مخالف کا روحانی پیغام ہے جس کے بارے میں آپ نے سنا کہ وہ سنایا جائے گا اور وہ ابھی سے دُنیا میں سنایا جا رہا ہے۔
4 پیارے بچو، آپ خدا سے ہیں اور جھوٹے نبیوں پر غالب آئے ہیں کیونکہ جو آپ کے ساتھ متحد ہے، وہ اُس سے بڑا ہے جو دُنیا کے ساتھ متحد ہے۔ 5 وہ لوگ دُنیا سے ہیں۔ اِس لیے اُن کی باتیں دُنیا سے ہیں اور دُنیا اُن کی سنتی ہے۔ 6 لیکن ہم خدا سے ہیں۔ جو شخص خدا کو جان جاتا ہے، وہ ہماری سنتا ہے۔ جو شخص خدا سے نہیں ہے، وہ ہماری نہیں سنتا۔ یوں ہمیں پتہ چل جاتا ہے کہ کون سا روحانی پیغام سچا ہے اور کون سا جھوٹا۔
7 عزیزو، آئیں، ایک دوسرے سے محبت کرتے رہیں کیونکہ محبت خدا سے ہے اور جو شخص محبت کرتا ہے، وہ خدا سے پیدا ہوا ہے اور خدا کو جانتا ہے۔ 8 جو شخص محبت نہیں کرتا، وہ خدا کو نہیں جانتا کیونکہ خدا محبت ہے۔ 9 خدا نے ہمارے لیے محبت اِس طرح ظاہر کی کہ اُس نے اپنا اِکلوتا بیٹا* دُنیا میں بھیجا تاکہ اُس کے ذریعے ہم زندگی حاصل کر سکیں۔ 10 اِس سلسلے میں محبت کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے خدا سے محبت کی بلکہ یہ کہ اُس نے ہم سے محبت کی اور اپنے بیٹے کو بھیجا تاکہ وہ ہمارے گُناہوں کے لیے کفارے کی قربانی بنے۔
11 عزیزو، اگر خدا نے ہم سے اِتنی محبت کی ہے تو ہمارا فرض ہے کہ ہم بھی ایک دوسرے سے محبت کریں۔ 12 کسی نے خدا کو کبھی نہیں دیکھا۔ اگر ہم ایک دوسرے سے محبت کرتے رہیں گے تو خدا ہمارے ساتھ رہے گا اور اُس کی محبت ہم میں مکمل طور پر ظاہر ہوگی۔ 13 ہم جانتے ہیں کہ ہم اُس کے ساتھ متحد ہیں اور وہ ہمارے ساتھ متحد ہے کیونکہ اُس نے ہمیں اپنی روح دی ہے۔ 14 اِس کے علاوہ ہم نے خود دیکھا ہے کہ باپ نے اپنے بیٹے کو دُنیا کا نجاتدہندہ بنا کر بھیجا اور ہم اِس بارے میں گواہی بھی دیتے ہیں۔ 15 جو شخص اِقرار کرتا ہے کہ یسوع، خدا کے بیٹے ہیں، وہ خدا کے ساتھ متحد رہتا ہے اور خدا اُس کے ساتھ متحد رہتا ہے۔ 16 اور ہم جان گئے ہیں کہ خدا ہم سے محبت کرتا ہے اور ہم اِس بات پر یقین بھی رکھتے ہیں۔
خدا محبت ہے اور جو شخص محبت کرتا رہے گا، وہ خدا کے ساتھ متحد رہے گا اور خدا اُس کے ساتھ متحد رہے گا۔ 17 لہٰذا محبت ہم میں مکمل طور پر ظاہر ہو گئی ہے تاکہ ہم اُس وقت دلیری* سے بات کر سکیں جب ہماری عدالت ہوتی ہے کیونکہ اِس دُنیا میں رہتے ہوئے ہم ویسے ہی ہیں جیسے وہ ہے۔ 18 جو شخص محبت کرتا ہے، وہ خوف نہیں کھاتا۔ کامل محبت، خوف کو نکال* دیتی ہے کیونکہ خوف ہمارے لیے ایک رُکاوٹ ہے۔ دراصل جو شخص خوف کھاتا ہے، اُس کی محبت کامل نہیں۔ 19 ہم اِس لیے محبت کرتے ہیں کیونکہ پہلے اُس نے ہم سے محبت کی۔
20 اگر کوئی شخص کہتا ہے کہ ”مَیں خدا سے محبت کرتا ہوں“ لیکن اپنے بھائی سے نفرت کرتا ہے تو وہ جھوٹا ہے۔ کیونکہ جو شخص اپنے بھائی سے محبت نہیں کرتا جس کو وہ دیکھ سکتا ہے، وہ خدا سے بھی محبت نہیں کرتا جس کو اُس نے نہیں دیکھا۔ 21 اور ہمیں اُس سے یہ حکم ملا ہے کہ جو شخص خدا سے محبت کرتا ہے، وہ اپنے بھائی سے بھی محبت کرے۔