فِلپّیوں
4 لہٰذا میرے پیارے بھائیو، مضبوطی سے قائم رہیں اور مالک کے ساتھ متحد رہیں۔ آپ میری خوشی اور میرا تاج ہیں۔ مَیں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں اور آپ کو بہت یاد کرتا ہوں۔
2 مَیں یُوؤدیہ اور سِنتخے کو نصیحت کرتا ہوں کہ مالک کی خدمت میں ایک جیسی سوچ رکھیں۔ 3 مَیں آپ کا سچا ہمخدمت ہونے کے ناتے آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اُن دونوں کی مدد کرتے رہیں کیونکہ اُنہوں نے خوشخبری پھیلانے کے سلسلے میں میرے ساتھ بڑی محنت کی ہے۔ اُن کے ساتھ ساتھ کلیمنس اور میرے باقی ہمخدمتوں کی بھی مدد کریں جن کے نام زندگی کی کتاب میں لکھے ہیں۔
4 اِس بات پر خوش ہوں کہ آپ مالک کے ساتھ متحد ہیں۔ مَیں دوبارہ کہتا ہوں، خوش ہوں۔ 5 آپ کی سمجھداری* سب لوگوں کو دِکھائی دے۔ مالک قریب ہے۔ 6 کسی بات پر پریشان نہ ہوں بلکہ ہر معاملے میں شکرگزاری کے ساتھ دُعا اور اِلتجا کریں اور اپنی درخواستیں خدا کے سامنے پیش کریں۔ 7 پھر خدا آپ کو وہ اِطمینان دے گا جو سمجھ سے باہر ہے اور یہ اِطمینان مسیح یسوع کے ذریعے آپ کے دل اور سوچ کو محفوظ رکھے گا۔
8 بھائیو، آخر میں مَیں کہتا ہوں کہ اُن باتوں پر دھیان دیتے* رہیں جو سچی ہیں، جن پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے، جو نیک ہیں، جو پاک ہیں، جو محبت کی ترغیب دیتی ہیں، جن کو عمدہ خیال کِیا جاتا ہے، جو اچھی ہیں اور جو قابلِتعریف ہیں۔ 9 آپ نے جو باتیں میرے ذریعے دیکھی اور سنی اور سیکھی اور قبول کی ہیں، اُن پر عمل کرتے رہیں۔ پھر خدا جو اِطمینان* کا بانی ہے، آپ کے ساتھ رہے گا۔
10 مَیں مالک کے خادم کے طور پر اِس بات سے بہت خوش ہوں کہ آپ دوبارہ سے میری فکر کر رہے ہیں۔ ویسے تو آپ کو ہمیشہ میری فکر رہی ہے لیکن آپ کو اِسے ظاہر کرنے کا موقع نہیں ملا۔ 11 ایسا نہیں ہے کہ مجھے کسی چیز کی ضرورت ہے بلکہ مَیں نے تو ہر حال میں مطمئن رہنا سیکھ لیا ہے۔ 12 مَیں تھوڑے میں بھی گزارہ کرنا جانتا ہوں اور بہت میں بھی۔ مَیں نے ہر وقت اور ہر حال میں مطمئن رہنے کا راز جان لیا ہے، چاہے مَیں سیر ہوں یا بھوکا اور چاہے میرے پاس بہت کچھ ہو یا کچھ بھی نہیں۔ 13 جو مجھے طاقت دیتا ہے، اُس کے ذریعے مَیں سب کچھ کر سکتا ہوں۔
14 آپ لوگوں کی مہربانی تھی کہ آپ نے مصیبت میں میری مدد کی۔ 15 آپ جو فِلپّی کے رہنے والے ہیں، جانتے ہیں کہ جب مَیں نے پہلی بار آپ کو خوشخبری سنائی اور پھر مقدونیہ سے روانہ ہوا تو آپ کے سوا کسی کلیسیا* نے میری مدد نہیں کی اور نہ ہی میری مدد قبول کی۔ 16 آپ نے تو اُس وقت بھی میری ضرورت پوری کرنے کے لیے کچھ بھیجا جب مَیں تھسلُنیکے میں تھا اور ایک بار نہیں بلکہ دو بار ایسا کِیا۔ 17 یہ نہیں کہ مجھے آپ سے کچھ چاہیے بلکہ مَیں چاہتا ہوں کہ آپ کا کھاتا برکتوں سے بھر جائے۔ 18 میرے پاس ضرورت کی ساری چیزیں ہیں بلکہ ضرورت سے زیادہ ہیں۔ مجھے کسی چیز کی کمی نہیں ہے کیونکہ اِپَفردِتُس نے مجھے وہ چیزیں دے دی ہیں جو آپ نے بھیجی تھیں۔ یہ چیزیں ایک خوشبودار اور قابلِقبول نذرانے کی طرح ہیں جو خدا کو پسند آتا ہے۔ 19 اِس کے بدلے میں میرا خدا جو بڑا دولتمند ہے، مسیح یسوع کے ذریعے آپ کی ہر ضرورت پوری کرے گا۔ 20 ہمارے باپ خدا کی بڑائی ہمیشہ ہمیشہ تک ہو۔ آمین۔
21 اُن تمام مُقدسوں کو میرا سلام دیں جو مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں۔ جو بھائی میرے ساتھ ہیں، وہ آپ کو سلام دے رہے ہیں۔ 22 یہاں کے سب مُقدس لوگ، خاص طور پر قیصر کے رشتےدار اور خادم آپ کو سلام کہہ رہے ہیں۔
23 جو جذبہ* آپ ظاہر کرتے ہیں، اُس پر ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت ہو۔