2-تیمُتھیُس
3 لیکن یہ جان لیں کہ آخری زمانے میں مشکل وقت آئے گا 2 کیونکہ لوگ خود غرض، پیسے سے پیار کرنے والے، شیخی مارنے والے، مغرور، کفر بکنے والے، ماں باپ کے نافرمان، ناشکر، بےوفا، 3 خاندانی محبت سے خالی، ضدی، بدنامی کرنے والے، بےضبط، وحشی، نیکی کے دُشمن، 4 دھوکےباز، ہٹدھرم اور گھمنڈی ہوں گے۔ وہ خدا سے پیار کرنے کی بجائے موج مستی سے پیار کریں گے۔ 5 وہ دِکھنے میں تو بڑے خداپرست لگیں گے لیکن اُن کا طرزِزندگی خدا کے حکموں کے مطابق نہیں ہوگا۔ اِس طرح کے لوگوں سے دُور رہیں۔ 6 اِن میں سے کچھ ایسے آدمی اُٹھیں گے جو گھرانوں کو دھوکا دینے کے لیے کمزور عورتوں کو بڑی چالاکی سے اپنے بس میں کریں گے۔ یہ ایسی عورتیں ہیں جو گُناہ میں جکڑی ہوئی ہیں اور طرح طرح کی خواہشوں کی غلام ہیں۔ 7 وہ تعلیم حاصل کرتی رہتی ہیں لیکن کبھی سچائی کو پوری طرح سمجھ نہیں پاتیں۔
8 یہ آدمی سچائی کی مخالفت کرتے ہیں، بالکل ویسے ہی جیسے ینیس اور یمبریس نے موسیٰ کی مخالفت کی۔ اُن کی سوچ بالکل بگڑی ہوئی ہے اور اُنہیں خدا کی خوشنودی حاصل نہیں کیونکہ وہ ایمان کے معیاروں پر پورا نہیں اُترتے۔ 9 مگر وہ کامیاب نہیں ہوں گے کیونکہ ینیس اور یمبریس کی طرح اُن کی بےوقوفی بھی سب کو دِکھائی دے گی۔ 10 لیکن آپ نے میری تعلیم، میرے طرزِزندگی، میرے عزم، میرے ایمان، میرے صبر، میری محبت اور میری ثابتقدمی پر غور کِیا ہے۔ 11 آپ یہ بھی جانتے ہیں کہ مجھے انطاکیہ، اِکُنیُم اور لِسترہ میں کتنی اذیتیں اور تکلیفیں اُٹھانی پڑیں۔ مَیں نے یہ سب کچھ برداشت کِیا اور ہمارے مالک نے مجھے اِن سب سے بچا لیا۔ 12 دراصل اُن سب کو اذیت دی جائے گی جو مسیح یسوع کے پیروکاروں کے طور پر خدا کی بندگی کرنا چاہتے ہیں۔ 13 لیکن بُرے اور دھوکےباز آدمی بگڑتے چلے جائیں گے۔ وہ دوسروں کو بھی گمراہ کریں گے اور خود بھی گمراہ ہوں گے۔
14 مگر آپ اُن باتوں پر عمل کرتے رہیں جو آپ نے سیکھی تھیں اور جن پر ایمان لانے کے لیے آپ کو قائل کِیا گیا تھا کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ آپ نے یہ باتیں کن سے سیکھی ہیں۔ 15 آپ بچپن* سے پاک صحیفوں سے واقف ہیں جو آپ کو دانشمند بنا سکتے ہیں تاکہ آپ مسیح یسوع پر ایمان لا کر نجات حاصل کر سکیں۔ 16 پاک صحیفوں میں جو کچھ بھی لکھا ہے، وہ خدا کے اِلہام سے ہے اور تعلیم دینے، اِصلاح کرنے، معاملوں کو سدھارنے اور خدا کے معیاروں کے مطابق تربیت کرنے کے لیے فائدہمند ہے 17 تاکہ خدا کے بندے ہر لحاظ سے قابل ہوں اور ہر اچھے کام کے لیے تیار ہوں۔