پیدائش
22 اِس کے بعد سچے خدا نے اَبراہام کا اِمتحان لیا۔ اُس نے اُن سے کہا: ”اَبراہام!“ اَبراہام نے جواب دیا: ”جی مالک۔“ 2 پھر خدا نے کہا: ”مہربانی سے اپنے اِکلوتے بیٹے اِضحاق کو جس سے تُم بےحد پیار کرتے ہو، ساتھ لے کر موریاہ کے علاقے میں جاؤ اور وہاں اُسے ایک پہاڑ پر جو مَیں تمہیں دِکھاؤں گا، بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر پیش کرو۔“
3 اِس لیے اَبراہام صبح سویرے اُٹھے، اپنے گدھے پر زِین کَسی اور اپنے دو نوکروں اور اپنے بیٹے اِضحاق کو ساتھ لیا۔ اُنہوں نے بھسم ہونے والی قربانی کے لیے لکڑیاں چیریں اور پھر اُس جگہ کے لیے روانہ ہوئے جو سچے خدا نے اُنہیں بتائی تھی۔ 4 تیسرے دن اَبراہام نے نظریں اُٹھا کر دیکھا اور اُنہیں دُور سے وہ جگہ نظر آئی۔ 5 تب اَبراہام نے اپنے نوکروں سے کہا: ”آپ یہاں گدھے کے پاس رُکو۔ مَیں اور میرا بیٹا وہاں جا کر خدا کی عبادت کریں گے اور پھر آپ کے پاس لوٹ آئیں گے۔“
6 اِس کے بعد اَبراہام نے بھسم ہونے والی قربانی کے لیے لکڑیاں لیں اور اپنے بیٹے اِضحاق کو اُٹھوا دیں۔ اُنہوں نے آگ* اور چُھرا بھی لیا اور پھر وہ دونوں ساتھ ساتھ چلنے لگے۔ 7 اِضحاق نے اَبراہام سے کہا: ”ابو!“ اَبراہام نے کہا: ”جی بیٹا۔“ اِضحاق نے پوچھا: ”آگ اور لکڑی تو ہمارے پاس ہے لیکن بھسم ہونے والی قربانی کے لیے بھیڑ کہاں ہے؟“ 8 اَبراہام نے جواب دیا: ”بیٹا! خدا بھسم ہونے والی قربانی کے لیے بھیڑ خود ہی مہیا کرے گا۔“ اور وہ دونوں ساتھ ساتھ چلتے رہے۔
9 آخرکار وہ اُس جگہ پہنچ گئے جو سچے خدا نے اَبراہام کو بتائی تھی۔ وہاں اَبراہام نے ایک قربانگاہ بنائی اور اُس پر لکڑیاں بچھائیں۔ پھر اُنہوں نے اِضحاق کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور اُنہیں قربانگاہ پر لکڑیوں کے اُوپر لِٹا دیا۔ 10 اِس کے بعد اَبراہام نے اپنے بیٹے کو ذبح کرنے کے لیے ہاتھ بڑھا کر چُھرا اُٹھایا۔ 11 لیکن یہوواہ کے فرشتے نے آسمان سے اُنہیں پکارا اور کہا : ”اَبراہام! اَبراہام!“ اُنہوں نے جواب دیا: ”جی مالک۔“ 12 پھر فرشتے نے کہا: ”لڑکے کو کچھ مت کریں؛ اُسے کوئی نقصان نہ پہنچائیں۔ اب مجھے پتہ چل گیا ہے کہ آپ خدا کا خوف رکھتے ہیں کیونکہ آپ اپنے اِکلوتے بیٹے کو بھی مجھے دینے سے پیچھے نہیں ہٹے۔“ 13 پھر اَبراہام نے دیکھا کہ اُن کے قریب ہی ایک مینڈھا ہے جس کے سینگ گھنی جھاڑیوں میں اٹکے ہوئے ہیں۔ اَبراہام نے جا کر اُس مینڈھے کو پکڑا اور اپنے بیٹے کی جگہ اُسے بھسم ہونے والی قربانی کے طور پر پیش کِیا۔ 14 اَبراہام نے اُس جگہ کا نام یہوواہیری* رکھا۔ اِسی لیے آج تک یہ کہا جاتا ہے کہ ”یہوواہ کے پہاڑ پر مہیا کِیا جائے گا۔“
15 پھر یہوواہ کے فرشتے نے دوبارہ آسمان سے اَبراہام کو پکارا 16 اور کہا: ”یہوواہ فرماتا ہے کہ ”تُم اپنے اِکلوتے بیٹے کو بھی مجھے دینے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ چونکہ تُم نے ایسا کِیا ہے اِس لیے مَیں اپنی قسم کھا کر کہتا ہوں 17 کہ مَیں تمہیں ضرور برکت دوں گا اور تمہاری نسل* کو ضرور اِتنا بڑھاؤں گا کہ یہ آسمان کے ستاروں اور ساحل کی ریت کے ذرّوں کی طرح بےشمار ہوگی اور دُشمنوں کے شہروں* کی مالک ہوگی۔ 18 تمہاری نسل کے ذریعے زمین کی سب قوموں کو برکت ملے گی* کیونکہ تُم نے میری بات مانی ہے۔““
19 اِس کے بعد اَبراہام اپنے نوکروں کے پاس واپس آئے اور پھر وہ سب بِیرسبع لوٹ گئے۔ اور اَبراہام بِیرسبع میں ہی رہے۔
20 بعد میں کسی نے آ کر اَبراہام کو بتایا: ”آپ کے بھائی نحور کے بھی مِلکاہ سے بیٹے پیدا ہوئے ہیں جن کے نام یہ ہیں: 21 عُوض جو پہلوٹھے ہیں، اُن کے بعد بُوز اور پھر قِموایل جو اِرام کے والد ہیں 22 اور کسد، حزو، فِلداس، یدلاف اور بیتوایل۔“ 23 بیتوایل سے رِبقہ پیدا ہوئیں۔ اَبراہام کے بھائی نحور کے مِلکاہ سے یہ آٹھ بیٹے پیدا ہوئے۔ 24 نحور کی حرم رُومہ سے بھی اُن کے بیٹے پیدا ہوئے جن کے نام یہ تھے: طِبخ، جاحم، تخص اور معکہ۔