1-تھسلُنیکیوں
5 بھائیو، جہاں تک وقتوں اور زمانوں کا تعلق ہے، ہمیں آپ کو کچھ لکھنے کی ضرورت نہیں ہے 2 کیونکہ آپ تو جانتے ہی ہیں کہ یہوواہ* کا دن بالکل ویسے ہی آنے والا ہے جیسے رات کو چور آتا ہے۔ 3 جب لوگ کہہ رہے ہوں گے: ”امن اور سلامتی!“ تو اُن پر اچانک تباہی آ جائے گی، بالکل ویسے ہی جیسے حاملہ عورت کو بچے کی پیدائش سے پہلے دردیں لگتی ہیں اور وہ لوگ اِس تباہی سے بچ نہیں سکیں گے۔ 4 لیکن بھائیو، آپ تاریکی میں نہیں ہیں کہ وہ دن اچانک آپ پر آ پڑے جیسے دن کی روشنی اچانک چور پر آ پڑتی ہے 5 کیونکہ آپ روشنی اور دن کے بیٹے ہیں۔ ہمارا نہ تو رات سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی تاریکی سے۔
6 لہٰذا آئیں، باقی لوگوں کی طرح سوئے نہ رہیں بلکہ جاگتے رہیں اور اپنے ہوشوحواس قائم رکھیں۔ 7 کیونکہ جو لوگ سوتے ہیں، وہ رات کو سوتے ہیں اور جو لوگ نشے میں دُھت ہوتے ہیں، وہ رات کو نشے میں دُھت ہوتے ہیں۔ 8 لیکن ہمارا تعلق دن سے ہے اِس لیے آئیں، اپنے ہوشوحواس قائم رکھیں اور ایمان اور محبت کا بکتر اور نجات کی اُمید کا ہیلمٹ پہن لیں 9 کیونکہ خدا نے ہمیں اِس لیے نہیں چُنا کہ ہم اُس کے غضب کا نشانہ بنیں بلکہ اِس لیے کہ ہم اپنے مالک یسوع مسیح کے ذریعے نجات پائیں۔ 10 یسوع ہماری خاطر مرے تاکہ چاہے ہم جاگ رہے ہوں یا سو* رہے ہوں، ہم اُن کے ساتھ رہیں۔ 11 لہٰذا ایک دوسرے کو تسلی دیتے رہیں اور ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتے رہیں جیسے آپ کر رہے ہیں۔
12 بھائیو، ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ اُن کی عزت کریں جو آپ کے درمیان سخت محنت کرتے ہیں اور مالک کا کام کرنے میں آپ کی پیشوائی کرتے ہیں اور آپ کو نصیحت کرتے ہیں۔ 13 اُن کی محنت کی وجہ سے اُن کی بڑی قدر کریں اور اُن کے لیے محبت ظاہر کریں۔ ایک دوسرے کے ساتھ امن سے رہیں۔* 14 بھائیو، ہم آپ سے یہ اِلتجا بھی کرتے ہیں کہ اُن لوگوں کو خبردار کریں جو اپنی منمانی کرتے ہیں، بےحوصلہ لوگوں کو تسلی دیں، کمزوروں کی مدد کریں اور سب کے ساتھ تحمل سے پیش آئیں۔ 15 آپ میں سے کوئی بھی شخص کسی کے ساتھ بُرائی کے بدلے بُرائی نہ کرے بلکہ ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ اور باقی سب لوگوں کے ساتھ اچھائی کرنے کی کوشش کریں۔
16 ہمیشہ خوش ہوں۔ 17 ہر وقت دُعا کریں۔ 18 ہر چیز کے لیے خدا کا شکر کریں۔ یہی آپ کے لیے خدا کی مرضی ہے کیونکہ آپ مسیح یسوع کے پیروکار ہیں۔ 19 پاک روح کی آگ کو نہ بجھائیں۔ 20 پیشگوئیوں* کی حقارت نہ کریں۔ 21 سب باتوں کا جائزہ لیں اور جو باتیں اچھی ہوں، اُن سے چپکے رہیں۔ 22 ہر طرح کی بُرائی سے گریز کریں۔
23 بھائیو، خدا جو اِطمینان* کا بانی ہے، آپ کو پوری طرح پاک کرے اور آپ کے دل* اور جان اور جسم کو ہمارے مالک یسوع مسیح کی موجودگی کے وقت ہر لحاظ سے اچھی حالت میں اور بےعیب رکھے۔ 24 خدا جو آپ کو بلا رہا ہے، وعدے کا پکا* ہے اور ضرور ایسا کرے گا۔
25 بھائیو، ہمارے لیے دُعا کرتے رہیں۔
26 گلے مل کر* سب بھائیوں کا خیرمقدم کریں۔
27 مَیں آپ کو مالک کے نام سے تاکید کر رہا ہوں کہ یہ خط تمام بہن بھائیوں کے سامنے پڑھا جائے۔
28 ہمارے مالک یسوع مسیح کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔