گلتیوں
6 بھائیو، اگر کوئی شخص انجانے میں کوئی غلط قدم اُٹھائے تو آپ جو روحانی طور پر پُختہ ہیں، نرمی سے اُس کی اِصلاح کرنے کی کوشش کریں۔ لیکن اپنا بھی دھیان رکھیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ بھی کوئی غلطی کر بیٹھیں۔ 2 مشکلات کا بوجھ اُٹھانے میں ایک دوسرے کی مدد کریں کیونکہ اِس طرح آپ مسیح کی شریعت پر عمل کریں گے۔ 3 اگر کوئی شخص اپنے آپ کو اہم سمجھتا ہے حالانکہ وہ اہم نہیں ہے تو وہ اپنے آپ کو دھوکا دیتا ہے۔ 4 لیکن ہر کوئی اپنے کاموں کو پرکھے۔ اِس طرح وہ اپنے کاموں کی وجہ سے خوش ہو سکے گا نہ کہ دوسروں سے اپنا موازنہ کرنے کی وجہ سے۔ 5 ہر کوئی اپنی ذمےداری کا بوجھ اُٹھائے گا۔
6 جس شخص کو خدا کے کلام کی تعلیم دی جاتی ہے، وہ اُس شخص کو اپنی اچھی چیزوں میں سے کچھ دے جو اُسے تعلیم دے رہا ہے۔
7 اِس غلطفہمی میں مبتلا نہ ہوں کہ خدا کو دھوکا دیا جا سکتا ہے کیونکہ اِنسان جو کچھ بوتا ہے، وہی کاٹتا ہے۔ 8 جو جسم کے مطابق بوتا ہے، وہ جسم سے تباہی کی فصل کاٹے گا لیکن جو پاک روح کے مطابق بوتا ہے، وہ روح سے ہمیشہ کی زندگی کی فصل کاٹے گا۔ 9 اِس لیے اچھے کام کرنے میں ہمت نہ ہاریں کیونکہ اگر ہم ہمت نہیں ہاریں گے تو ہم مقررہ وقت پر فصل کاٹیں گے۔ 10 لہٰذا جب تک ہمارے پاس موقع ہے، آئیں، سب کے ساتھ بھلائی کریں لیکن خاص طور پر اُن کے ساتھ جو ہمارے ہمایمان ہیں۔
11 دیکھیں، مَیں آپ کو اپنے ہاتھوں سے کتنے بڑے بڑے حروف میں خط لکھ رہا ہوں۔
12 جو لوگ دوسروں کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، وہی آپ کو ختنہ کرانے پر مجبور کر رہے ہیں تاکہ اُنہیں مسیح کی سُولی* کی وجہ سے اذیت نہ سہنی پڑے۔ 13 اور جو لوگ ختنہ کرا رہے ہیں، وہ خود تو شریعت پر عمل نہیں کرتے لیکن وہ چاہتے ہیں کہ آپ اپنا ختنہ کرائیں تاکہ اُنہیں آپ کی وجہ سے شیخی مارنے کا موقع ملے۔ 14 مگر جہاں تک میرا تعلق ہے، خدا نہ کرے کہ مَیں کبھی شیخی ماروں۔ اور اگر مَیں شیخی ماروں بھی تو صرف ہمارے مالک یسوع مسیح کے بارے میں جنہوں نے سُولی پر جان دے دی اور جن کی وجہ سے دُنیا میرے لیے مر گئی* اور مَیں دُنیا کے لیے مر گیا۔ 15 کیونکہ نہ تو ختنہ کرانے کی کوئی اہمیت ہے اور نہ ہی ختنہ نہ کرانے کی بلکہ صرف نئی مخلوق بننے کی اہمیت ہے۔ 16 جو لوگ اِس اصول پر عمل کرتے ہیں، اُن سب پر، ہاں، خدا کے اِسرائیل پر سلامتی اور رحمت ہو۔
17 آج کے بعد کوئی مجھے پریشان نہ کرے کیونکہ میرے جسم پر موجود نشان ظاہر کرتے ہیں کہ مَیں یسوع کا غلام ہوں۔
18 بھائیو، جو جذبہ* آپ ظاہر کرتے ہیں، اُس پر ہمارے مالک یسوع مسیح کی برکت ہو اور اُن کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔ آمین۔