گلتیوں
5 اور اِسی آزادی کے لیے مسیح نے ہمیں رِہائی دِلائی۔ لہٰذا ثابتقدم رہیں اور اِس بات کی اِجازت نہ دیں کہ آپ کی گردن پر دوبارہ سے غلامی کا جُوا رکھا جائے۔
2 دیکھیں! مَیں پولُس، آپ کو بتا رہا ہوں کہ اگر آپ ختنہ کرائیں گے تو مسیح نے جو کچھ کِیا ہے، وہ سب بےفائدہ ہو جائے گا۔ 3 مَیں پھر سے یہ کہہ رہا ہوں کہ جو بھی آدمی ختنہ کراتا ہے، لازمی ہے کہ وہ شریعت کی ہر ایک بات پر عمل کرے۔ 4 آپ جو شریعت کی بِنا پر نیک ٹھہرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مسیح سے جُدا ہو گئے ہیں اور اُس کی عظیم رحمت سے محروم ہیں۔ 5 لیکن جہاں تک ہمارا تعلق ہے، ہم اُس وقت کا شدت سے اِنتظار کر رہے ہیں جب ہمیں ایمان اور پاک روح کے ذریعے مکمل طور پر نیک ٹھہرایا جائے گا۔ 6 دراصل جو لوگ مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں، اُن کی نظر میں نہ تو ختنہ کرانے کی کوئی اہمیت ہے اور نہ ہی ختنہ نہ کرانے کی بلکہ صرف اُس ایمان کی اہمیت ہے جو محبت پر مبنی ہے۔
7 آپ تو اچھی طرح دوڑ رہے تھے۔ تو پھر کس نے آپ کو سچائی کی راہ پر آگے بڑھنے سے روک دیا؟ 8 ایسی تعلیم اُس خدا کی طرف سے نہیں ہے جو آپ کو بلا رہا ہے۔ 9 یاد رکھیں، تھوڑا سا خمیر سارے آٹے کو خمیر کر دیتا ہے۔ 10 مجھے پورا یقین ہے کہ آپ جو ہمارے مالک کے ساتھ متحد ہیں، میری بات سے اِتفاق کریں گے۔ لیکن جو شخص آپ کو پریشان کر رہا ہے، چاہے وہ کوئی بھی ہو، اُسے اِس کی سزا ضرور ملے گی۔ 11 بھائیو، جہاں تک میرا تعلق ہے، اگر مَیں واقعی ختنے کی مُنادی کر رہا ہوں تو مجھے اذیت کیوں دی جا رہی ہے اور سُولی* لوگوں کے لیے ٹھوکر کا باعث کیوں ہے؟ 12 کاش کہ وہ آدمی خود کو نامرد بنوا لیں* جو آپ کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
13 بھائیو، خدا نے آپ کو آزادی کے لیے بلایا ہے لیکن اِس آزادی کو جسمانی خواہشوں کو پورا کرنے کے لیے اِستعمال نہ کریں بلکہ محبت کی بِنا پر ایک دوسرے کی غلامی کریں۔ 14 کیونکہ پوری شریعت کا خلاصہ یہ حکم ہے: ”اپنے پڑوسی سے اُسی طرح محبت کرو جس طرح تُم اپنے آپ سے کرتے ہو۔“ 15 لیکن اگر آپ ایک دوسرے کو کاٹتے اور پھاڑتے رہیں گے تو خبردار رہیں کہ کہیں آپ ایک دوسرے کو تباہ نہ کر دیں۔
16 اِس کی بجائے پاک روح کے مطابق چلتے رہیں۔ یوں آپ جسم کی خواہشوں کو بالکل پورا نہیں کریں گے۔ 17 جسم اور اِس کی خواہشیں روح کے خلاف ہیں اور روح جسم کے خلاف ہے۔ یہ دونوں ایک دوسرے کے خلاف ہیں۔ اِسی لیے تو آپ وہ کام نہیں کرتے جو کرنا چاہتے ہیں۔ 18 لہٰذا اگر آپ روح کی رہنمائی کو قبول کرتے ہیں تو آپ شریعت کے تحت نہیں ہیں۔
19 اب جسم کے کام صاف ظاہر ہیں اور وہ یہ ہیں: حرامکاری،* ناپاکی، ہٹدھرم چالچلن،* 20 بُتپرستی، جادوٹونا، دُشمنی، لڑائی جھگڑا، رنجش، غصے کے دورے، بحثوتکرار، اِختلافات، فرقہسازی، 21 حسد، نشہبازی، غیرمہذب دعوتیں اور اِن جیسے اَور کام۔ مَیں آپ کو اِن کاموں سے خبردار کر رہا ہوں، بالکل ویسے ہی جیسے مَیں نے پہلے بھی آپ کو خبردار کِیا تھا کہ ایسے کام کرنے والے لوگ خدا کی بادشاہت کے وارث نہیں ہوں گے۔
22 اِس کے برعکس روح کا پھل یہ ہے: محبت، خوشی، اِطمینان،* تحمل،* مہربانی، اچھائی، ایمان، 23 نرممزاجی اور ضبطِنفس۔ کوئی بھی شریعت اِن باتوں کے خلاف نہیں ہے۔ 24 اور جو لوگ مسیح یسوع کے ہیں، اُنہوں نے اپنے جسم کو اِس کی خواہشوں اور ہوسوں سمیت سُولی پر ٹھونک دیا ہے۔
25 اگر ہم پاک روح کی رہنمائی پر عمل کرتے ہیں تو آئیں، پاک روح کے مطابق چلتے رہیں۔ 26 اور آئیں، اناپرست نہ بنیں، ایک دوسرے سے مقابلہبازی نہ کریں اور نہ ہی ایک دوسرے سے حسد کریں۔