مُکاشفہ
20 اور مَیں نے ایک فرشتے کو دیکھا جو آسمان سے نیچے آ رہا تھا۔ اُس کے ہاتھ میں اتھاہ گڑھے کی چابی اور ایک بہت بڑی زنجیر تھی۔ 2 اُس نے اژدہے کو یعنی اُس قدیم سانپ کو جو اِبلیس اور شیطان ہے، پکڑ لیا اور اُسے 1000 سال کے لیے باندھ دیا۔ 3 پھر اُس نے اُسے اتھاہ گڑھے میں پھینک دیا اور اتھاہ گڑھے کو بند کر کے اِس پر مُہر لگا دی تاکہ اژدہا اُس وقت تک قوموں کو گمراہ نہ کر سکے جب تک 1000 سال ختم نہ ہو جائیں۔ اِس کے بعد اُسے تھوڑی دیر کے لیے رِہا کِیا جائے گا۔
4 اور مَیں نے تخت دیکھے اور جو لوگ اُن پر بیٹھے تھے، اُنہیں عدالت کرنے کا اِختیار دیا گیا۔ ہاں، مَیں نے اُن لوگوں* کو دیکھا جن کو اِس لیے مار ڈالا گیا* کہ اُنہوں نے خدا اور یسوع کے بارے میں گواہی دی تھی اور وحشی درندے اور اُس کے بُت کی پوجا نہیں کی تھی اور اپنے ماتھے اور ہاتھ پر اُس کا نشان نہیں لگوایا تھا۔ اور وہ زندہ ہو گئے اور اُنہوں نے 1000 سال کے لیے مسیح کے ساتھ بادشاہوں کے طور پر حکمرانی کی۔ 5 (باقی مُردے اُس وقت تک زندہ نہیں ہوئے جب تک 1000 سال پورے نہیں ہوئے۔) یہ وہ ہیں جو سب سے پہلے زندہ ہوئے۔ 6 وہ لوگ پاک اور خوش ہیں جو سب سے پہلے زندہ ہوں گے کیونکہ اُن پر دوسری موت کا کوئی اِختیار نہیں ہے۔ وہ خدا اور مسیح کے لیے کاہن ہوں گے اور 1000 سال تک مسیح کے ساتھ بادشاہوں کے طور پر حکمرانی کریں گے۔
7 جوں ہی 1000 سال ختم ہو جائیں گے، شیطان کو قید سے رِہا کر دیا جائے گا۔ 8 اور وہ زمین کے چاروں کونوں میں موجود قوموں کو یعنی جوج اور ماجوج کو گمراہ کرنے کے لیے نکلے گا تاکہ اُنہیں جنگ کے لیے جمع کرے۔ اُن لوگوں کی تعداد سمندر کی ریت جتنی ہوگی۔ 9 اور وہ پوری زمین پر پھیل جائیں گے اور مُقدسوں کی خیمہگاہ اور عزیز شہر کو گھیر لیں گے۔ لیکن آسمان سے آگ نازل ہوگی اور اُن کو بھسم کر دے گی۔ 10 اور اِبلیس کو جو اُن کو گمراہ کر رہا تھا، آگ اور گندھک کی اُس جھیل میں پھینکا جائے گا جس میں وحشی درندہ اور جھوٹا نبی پہلے سے موجود تھے اور اُن کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دن رات اذیت دی جائے گی۔*
11 اور مَیں نے ایک بہت بڑا سفید تخت دیکھا اور اُس کو بھی دیکھا جو اُس پر بیٹھا تھا۔ اُس کے سامنے سے زمین اور آسمان بھاگ گئے اور اُن کا نامونشان مٹ گیا۔ 12 اور مَیں نے دیکھا کہ سب مُردے یعنی چھوٹے اور بڑے، تخت کے سامنے کھڑے ہیں اور کتابیں* کھولی گئیں۔ لیکن ایک اَور کتاب بھی کھولی گئی۔ یہ زندگی کی کتاب تھی۔ اور مُردوں کی عدالت اُن کتابوں میں لکھی ہوئی باتوں اور اُن کے کاموں کے مطابق کی گئی۔ 13 اور سمندر نے اُن مُردوں کو رِہا کر دیا جو اُس میں تھے اور موت اور قبر* نے اُن مُردوں کو رِہا کر دیا جو اُن میں تھے اور ہر مُردے کی عدالت اُس کے کاموں کے مطابق کی گئی۔ 14 اور موت اور قبر* کو آگ کی جھیل میں پھینک دیا گیا۔ آگ کی جھیل کا مطلب دوسری موت ہے۔ 15 اور جس کسی کا نام زندگی کی کتاب میں نہیں لکھا تھا، اُسے آگ کی جھیل میں پھینکا گیا۔