1-تھسلُنیکیوں
2 بھائیو، آپ جانتے ہیں کہ ہماری ملاقات بےفائدہ نہیں رہی۔ 2 جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ فِلپّی میں ہمیں اذیت دی گئی اور ہماری بےعزتی کی گئی لیکن ہم نے خدا کی مدد سے ہمت جمع کی تاکہ ہم شدید مخالفت کے باوجود* آپ کو خدا کی خوشخبری سنا سکیں۔ 3 کیونکہ ہم نہ تو جھوٹ یا ناپاکی کی بنیاد پر اور نہ ہی دھوکا دینے کی نیت سے آپ کو ہدایت دیتے ہیں 4 بلکہ خدا نے ہمیں اِس لائق سمجھا ہے کہ ہمیں خوشخبری سنانے کی ذمےداری دی جائے۔ اِس لیے ہم اِنسانوں کو خوش کرنے کے لیے نہیں بلکہ اُس خدا کو خوش کرنے کے لیے تعلیم دیتے ہیں جو ہمارے دلوں کا جائزہ لیتا ہے۔
5 آپ جانتے ہیں کہ ہم نے کبھی خوشامد نہیں کی اور نہ ہی لالچی لوگوں کی طرح کسی کو دھوکا دیا۔ خدا ہمارا گواہ ہے! 6 ہمارا مقصد یہ بھی نہیں کہ آپ یا دوسرے لوگ ہمارے گُن گائیں۔ اگر ہم چاہتے تو مسیح کے رسول ہونے کے ناتے آپ پر مالی بوجھ ڈال سکتے تھے۔ 7 لیکن ہم آپ کے ساتھ نرمی سے پیش آئے، بالکل ویسے ہی جیسے ماں بڑے پیار سے اپنے ننھے بچوں کو پالتی ہے۔ 8 چونکہ ہم آپ سے بڑا پیار کرتے ہیں اِس لیے ہم آپ کو نہ صرف خدا کی خوشخبری سنانے کے لیے تیار تھے بلکہ اپنی زندگیوں* میں شامل کرنے کے لیے بھی کیونکہ آپ ہمیں بہت عزیز ہو گئے۔
9 بھائیو، آپ کو ہماری محنت اور مشقت ضرور یاد ہوگی۔ جب ہم نے آپ کو خدا کی خوشخبری سنائی تو ہم نے دن رات کام کِیا تاکہ آپ میں سے کسی پر مالی بوجھ نہ ڈالیں۔ 10 آپ ہمارے گواہ ہیں اور خدا بھی ہمارا گواہ ہے کہ ہم آپ کے ساتھ وفاداری اور نیکی سے پیش آئے اور بےاِلزام رہے۔ 11 آپ کو پتہ ہے کہ ہم نے آپ کو نصیحت کی اور تسلی دی اور سمجھایا، بالکل ویسے ہی جیسے ایک باپ اپنے بچوں کے ساتھ کرتا ہے 12 تاکہ آپ ایسی زندگی گزاریں جو اُس خدا کو پسند آئے جس نے آپ کو اپنی بادشاہت اور شان میں شامل ہونے کے لیے بلایا ہے۔
13 اِس لیے ہم ہر وقت خدا کا شکر کرتے ہیں کیونکہ جب ہم نے آپ کو خدا کا کلام سنایا تو آپ نے اِسے اِنسانوں کا کلام سمجھ کر نہیں بلکہ خدا کا کلام سمجھ کر قبول کِیا۔ اور یہ واقعی خدا کا کلام ہے اور آپ پر اثر کر رہا ہے۔ 14 بھائیو، آپ یہودیہ کی کلیسیاؤں* کی مثال پر عمل کر رہے ہیں جو مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں کیونکہ آپ اپنے ہموطنوں کے ہاتھوں ویسی ہی تکلیفیں اُٹھا رہے ہیں جیسی وہ کلیسیائیں یہودیوں کے ہاتھوں اُٹھا رہی ہیں۔ 15 اُن یہودیوں نے تو ہمارے مالک یسوع کو اور نبیوں کو مار بھی ڈالا اور ہمیں اذیت دی۔ وہ خدا کو خوش نہیں کر رہے اور اُنہیں دوسروں کی بھلائی کی کوئی پرواہ نہیں ہے 16 کیونکہ وہ ہمیں غیریہودیوں سے بات کرنے سے روکنے کی کوشش کرتے ہیں اور یوں اُن کی نجات میں رُکاوٹ بنتے ہیں۔ اِس طرح وہ اپنے گُناہوں کا پیمانہ بھرتے جا رہے ہیں۔ مگر خدا کا غضب آخرکار اُن پر نازل ہو ہی گیا ہے۔
17 لیکن بھائیو، جب ہمیں تھوڑی دیر کے لیے آپ سے جُدا ہونا پڑا (حالانکہ ہمارے دل آپ سے کبھی جُدا نہیں ہوئے) تو ہم نے آپ سے ملنے کی بڑی کوشش کی کیونکہ آپ ہمیں بہت یاد آتے تھے۔ 18 اِس لیے ہم آپ کے پاس آنا چاہتے تھے (مَیں پولُس، نے تو ایک بار نہیں بلکہ دو بار آپ کے پاس آنے کی کوشش کی) لیکن شیطان نے ہمیں روک دیا۔ 19 جب ہمارے مالک کی موجودگی ہوگی تو اُن کے حضور ہماری اُمید یا خوشی یا فخر کا تاج کیا ہوگا؟ کیا آپ لوگ نہیں؟ 20 بےشک ہمارا فخر اور ہماری خوشی آپ ہی ہیں۔