فِلپّیوں
3 بھائیو، اِس بات پر خوش ہوتے رہیں کہ آپ مالک کے ساتھ متحد ہیں۔ مجھے آپ کو ایک ہی طرح کی باتیں بار بار لکھنے میں دقت نہیں ہوتی کیونکہ اِن میں آپ کی بھلائی ہے۔
2 غلیظ لوگوں* سے خبردار رہیں۔ اُن لوگوں سے خبردار رہیں جو نقصان پہنچاتے ہیں۔ اور اُن لوگوں سے خبردار رہیں جو ختنہ کرانے پر زور دیتے ہیں۔ 3 دراصل ہم وہ لوگ ہیں جن کا حقیقی معنوں میں ختنہ ہوا ہے کیونکہ ہم خدا کی روح کے ذریعے مُقدس خدمت انجام دیتے ہیں اور مسیح یسوع پر فخر کرتے ہیں۔ ہم جسمانی اِعتبار سے فخر* نہیں کرتے 4 حالانکہ اگر کوئی جسمانی اِعتبار سے فخر کر سکتا ہے تو وہ مَیں ہوں۔
لیکن اگر کسی کو لگتا ہے کہ اُس کے پاس جسمانی اِعتبار سے فخر کرنے کی کوئی وجہ ہے تو میرے پاس اُس سے بھی زیادہ وجوہات ہیں: 5 میرا آٹھویں دن ختنہ ہوا؛ مَیں اِسرائیلی ہوں؛ مَیں بنیمین کے قبیلے سے ہوں؛ مَیں عبرانی ہوں اور میرے والدین بھی عبرانی ہیں؛ جہاں تک شریعت پر عمل کرنے کا تعلق ہے تو مَیں فریسی تھا؛ 6 جہاں تک جوش کا تعلق ہے تو مَیں نے کلیسیاؤں* کو اذیت پہنچائی؛ جہاں تک اُس نیکی کا تعلق ہے جو شریعت پر مبنی ہے تو مَیں نے ثابت کِیا کہ مَیں ہر لحاظ سے نیک ہوں۔ 7 لیکن جن چیزوں کو مَیں منافع سمجھتا تھا، اُن کو مَیں مسیح کی خاطر نقصان سمجھنے لگا ہوں۔* 8 ہاں، مَیں اپنے مالک مسیح یسوع کے بارے میں بیشقیمت علم کے لیے باقی سب چیزوں کو نقصان سمجھتا ہوں۔ مَیں نے اُن کی خاطر سب چیزوں کا نقصان اُٹھایا ہے اور اِنہیں کوڑا کرکٹ سمجھتا ہوں تاکہ مسیح کو حاصل کر سکوں 9 اور اُس کے ساتھ متحد ہو سکوں اور شریعت پر عمل کرنے کی وجہ سے نہیں بلکہ مسیح پر ایمان لانے کی وجہ سے نیک ٹھہروں کیونکہ خدا اُنہی کو نیک خیال کرتا ہے جو ایمان رکھتے ہیں۔ 10 میرا عزم ہے کہ اُس کو اور اُس طاقت کو جانوں جس کے ذریعے اُسے زندہ کِیا گیا اور اُس کی تکلیفوں میں شریک ہوں اور اُس جیسی موت مروں 11 تاکہ اگر ممکن ہو تو مَیں اُن لوگوں میں شامل ہو سکوں جنہیں سب سے پہلے زندہ کِیا جائے گا۔
12 ایسا نہیں ہے کہ مَیں نے اِنعام کو حاصل کر لیا ہے یا مَیں منزل پر پہنچ گیا ہوں لیکن مَیں اِس کی طرف بڑھ رہا ہوں تاکہ وہ چیز حاصل کر سکوں جس کے لیے مسیح یسوع نے مجھے چُنا ہے۔ 13 بھائیو، مَیں یہ نہیں کہہ رہا کہ مجھے وہ چیز مل گئی ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ مَیں اُن باتوں کو بھول گیا ہوں جنہیں مَیں پیچھے چھوڑ آیا ہوں اور اُن باتوں کی طرف بڑھ رہا ہوں جو میرے سامنے ہیں۔ 14 مَیں منزل کی طرف دوڑ رہا ہوں تاکہ اِنعام یعنی آسمان پر وہ زندگی حاصل کروں جس کے لیے خدا نے مجھے مسیح یسوع کے ذریعے بلایا ہے۔ 15 لہٰذا آئیں، ہم جو پُختہ ہیں، ایسی ہی سوچ رکھیں اور اگر آپ میں سے کوئی شخص کسی معاملے میں فرق سوچ رکھتا ہے تو خدا اُس پر صحیح سوچ ظاہر کرے گا۔ 16 بہرحال ہم نے جتنی بھی پختگی حاصل کر لی ہو، آئیں، آگے بڑھتے رہیں۔
17 بھائیو، آپ سب میری مثال پر عمل کریں۔ اُن لوگوں پر بھی غور کریں جو اُس مثال پر چلتے ہیں جو ہم نے آپ کے لیے قائم کی ہے۔ 18 بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کا مَیں اکثر ذکر کِیا کرتا تھا لیکن اب مَیں رو رو کر اُن کا ذکر کرتا ہوں کیونکہ وہ مسیح کی سُولی* کے دُشمنوں کی طرح چل رہے ہیں۔ 19 اُن کا انجام ہلاکت ہے، اُن کا خدا اُن کا پیٹ ہے، وہ اُن باتوں پر فخر کرتے ہیں جن پر اُن کو شرمندہ ہونا چاہیے اور اُن کا دھیان دُنیاوی چیزوں پر لگا ہے۔ 20 لیکن ہم آسمان کے شہری ہیں اور بےتابی سے اپنے نجاتدہندہ یعنی مالک یسوع مسیح کا اِنتظار کر رہے ہیں جو آسمان سے آئیں گے 21 اور ہمارے ادنیٰ جسموں کو بدل کر اپنے اعلیٰ جسم کی طرح بنا دیں گے۔ یہ کام وہ اپنی اُس عظیم طاقت کے ذریعے کریں گے جس کی بدولت وہ سب چیزوں کو اپنے تابع کرتے ہیں۔