یسعیاہ
61 حاکمِاعلیٰ یہوواہ کی روح مجھ پر ہے
کیونکہ یہوواہ نے مجھے حلیم لوگوں کو خوشخبری سنانے کے لیے مسح* کِیا ہے۔
اُس نے مجھے بھیجا ہے تاکہ دُکھ سے چُور لوگوں کے زخموں پر پٹی باندھوں؛
تاکہ غلاموں کو آزادی کی خبر سناؤں
اور قیدیوں کو بتاؤں کہ اُن کی آنکھیں پوری طرح کھولی جائیں گی؛
2 تاکہ یہوواہ کی خوشنودی* کے سال کا اِعلان کروں
اور ہمارے خدا کے اِنتقام کے دن کے بارے میں بتاؤں؛
تاکہ ماتم کرنے والے سب لوگوں کو تسلی دوں؛
3 تاکہ صِیّون پر ماتم کرنے والوں کا خیال رکھوں؛
تاکہ اُنہیں راکھ کی جگہ پگڑی دوں،
ماتم کی جگہ خوشی کا تیل دوں
اور مایوسی* کی جگہ تعریف کا لباس دوں۔
اُنہیں نیکی کے بڑے درخت کہا جائے گا
جنہیں یہوواہ نے اپنی بڑائی* کے لیے لگایا ہے۔
4 وہ قدیم کھنڈروں کو پھر سے تعمیر کریں گے؛
وہ پُرانے زمانے کی ویران جگہوں کو بنائیں گے
اور برباد شہروں کی مرمت کریں گے،
ہاں، اُن جگہوں کی جو نسلوں سے ویران پڑی ہیں۔
5 ”اجنبی کھڑے ہوں گے اور تمہارے گلّوں کی گلّہبانی کریں گے
اور پردیسی تمہارے لیے کسانوں اور انگور کے باغوں کے مالیوں کے طور پر کام کریں گے۔
6 لیکن تُم یہوواہ کے کاہن کہلاؤ گے؛
وہ تمہیں ہمارے خدا کے خادم کہیں گے۔
تُم قوموں کی دولت کھاؤ گے
اور اُن کی شانوشوکت* پر فخر کرو گے۔
7 تمہیں شرمندگی کی جگہ دُگنا حصہ ملے گا؛
وہ رُسوائی کی جگہ اپنا حصہ پا کر خوشی سے للکاریں گے،
ہاں، وہ اپنے ملک میں دُگنے حصے کے مالک ہوں گے۔
اُنہیں ابدی خوشی ملے گی
8 کیونکہ مَیں یہوواہ اِنصاف سے محبت کرتا ہوں؛
مجھے چوری اور بُرائی سے نفرت ہے۔
مَیں وفاداری سے اُنہیں اُن کی مزدوری دوں گا
اور اُن کے ساتھ ایک ابدی عہد باندھوں گا۔
9 اُن کی نسل قوموں میں مشہور ہوگی
اور اُن کی اولاد لوگوں میں۔
اُنہیں دیکھنے والے سب لوگ پہچان لیں گے
کہ یہ لوگ وہ نسل ہیں جسے یہوواہ نے برکت دی ہے۔“
10 مَیں یہوواہ کی وجہ سے بےاِنتہا خوش ہوں گا؛
میرا روم روم* اپنے خدا کی وجہ سے خوشی سے جھومے گا
کیونکہ اُس نے مجھے نجات کا لباس پہنایا ہے؛
اُس نے مجھے نیکی کے چوغے* میں لپیٹا ہے،
بالکل ویسے ہی جیسے ایک دُلہا کاہن کی طرح پگڑی پہنتا ہے
اور ایک دُلہن خود کو اپنے زیورات سے سجاتی ہے۔
11 جس طرح زمین کونپلوں کو اُگاتی ہے
اور باغ اُن بیجوں کو بڑھاتا ہے جو اُس میں بوئے گئے ہوتے ہیں
اُسی طرح حاکمِاعلیٰ یہوواہ سب قوموں کے سامنے نیکی اور حمد کو بڑھائے گا۔