مُکاشفہ
14 پھر مَیں نے دیکھا اور دیکھو! میمنا کوہِصیون پر کھڑا تھا اور اُس کے ساتھ 1،44،000 (ایک لاکھ چوالیس ہزار) لوگ تھے جن کے ماتھوں پر اُس کا نام اور اُس کے باپ کا نام لکھا تھا۔ 2 مجھے آسمان سے ایک آواز سنائی دی جو بہت سے پانیوں اور زوردار گرج کی سی تھی اور جو آواز مَیں نے سنی، وہ اُن گانے والوں جیسی تھی جو بربط* بجا کر گیت گاتے ہیں۔ 3 وہ تخت اور چار جانداروں اور بزرگوں کے سامنے گویا ایک نیا گیت گا رہے تھے۔ کوئی شخص اِس گیت کو اچھی طرح نہیں سیکھ سکا سوائے اُن 1،44،000 (ایک لاکھ چوالیس ہزار) کے جن کو زمین سے خریدا گیا تھا۔ 4 یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے خود کو عورتوں سے ناپاک نہیں کِیا۔ دراصل یہ کنوارے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ہر جگہ میمنے کے پیچھے پیچھے جاتے ہیں۔ اِن کو اِنسانوں میں سے خرید لیا گیا تاکہ خدا اور میمنے کے لیے پہلے پھل ہوں۔ 5 اِن لوگوں کے مُنہ میں کوئی فریب نہیں پایا گیا۔ اِن میں کوئی عیب نہیں ہے۔
6 اور مَیں نے ایک اَور فرشتے کو دیکھا جو آسمان پر اُڑ رہا تھا۔ اُس کے پاس ابدی خوشخبری تھی جو اُس نے زمین کے باشندوں کو یعنی ہر قوم اور قبیلے اور زبان اور نسل کو سنانی تھی۔ 7 وہ اُونچی آواز میں کہہ رہا تھا: ”خدا سے ڈرو اور اُس کی بڑائی کرو کیونکہ وہ وقت* آ گیا ہے کہ خدا عدالت کرے۔ اِس لیے اُس کی عبادت کرو جس نے آسمان اور زمین اور سمندر اور پانی کے چشموں کو بنایا ہے۔“
8 اُس کے پیچھے پیچھے ایک اَور فرشتہ آ رہا تھا جو کہہ رہا تھا کہ ”اُس نے شکست کھائی! بابلِعظیم نے شکست کھائی! ہاں، اُس نے جس نے ساری قوموں کو اپنی حرامکاری* کے جنون کی مے پلائی!“
9 اُن دونوں کے پیچھے ایک اَور فرشتہ آ رہا تھا اور اُونچی آواز میں کہہ رہا تھا کہ ”اگر کوئی شخص وحشی درندے اور اُس کے بُت کی پوجا کرے گا اور اپنے ماتھے یا ہاتھ پر نشان لگوائے گا 10 تو وہ خدا کے غصے کی خالص مے پیئے گا جو خدا کے غضب کے پیالے میں ڈالی گئی ہے اور اُسے مُقدس فرشتوں اور میمنے کے سامنے آگ اور گندھک سے اذیت دی جائے گی۔ 11 اور اِس اذیت کا دھواں ہمیشہ ہمیشہ تک اُٹھے گا۔ ہاں، اُن لوگوں کو دن رات کوئی آرام نہیں ملے گا جو وحشی درندے اور اُس کے بُت کی پوجا کرتے ہیں اور اُس کے نام کا نشان لگواتے ہیں۔ 12 اِس لیے مُقدسوں کو ثابتقدمی سے کام لینا ہوگا یعنی اُن کو جو خدا کے حکموں پر عمل کرتے ہیں اور یسوع پر پکا ایمان رکھتے ہیں۔“
13 اور مَیں نے آسمان سے ایک آواز سنی جو کہہ رہی تھی: ”یہ لکھیں: وہ خوش ہیں جو اب سے مالک کے ساتھ متحد رہتے ہوئے مرتے ہیں۔ روح کہتی ہے کہ اُن کو اپنے کاموں سے آرام کرنے دیں کیونکہ جو کچھ اُنہوں نے کِیا ہے، وہ اُن کے ساتھ جائے گا۔“
14 پھر مَیں نے دیکھا اور دیکھو! ایک سفید بادل تھا اور اُس بادل پر ایک شخص بیٹھا تھا جو اِنسان کے ایک بیٹے کی طرح تھا۔ اُس کے سر پر سونے کا تاج تھا اور اُس کے ہاتھ میں تیز درانتی تھی۔
15 پھر ایک اَور فرشتہ ہیکل* کے مُقدس مقام سے آیا اور اُس نے اُونچی آواز میں اُس فرشتے سے جو بادل پر بیٹھا تھا، کہا: ”اپنی درانتی چلائیں اور فصل کاٹیں کیونکہ کٹائی کا وقت آ گیا ہے اور زمین کی فصل پوری طرح پک گئی ہے۔“ 16 اور جو فرشتہ بادل پر بیٹھا تھا، اُس نے اپنی درانتی زمین پر چلائی اور زمین کی فصل کٹ گئی۔
17 اِس کے بعد ایک اَور فرشتہ ہیکل کے مُقدس مقام سے آیا جو آسمان پر ہے۔ اُس کے ہاتھ میں بھی تیز درانتی تھی۔
18 اور ایک اَور فرشتہ قربانگاہ سے آیا جس کو آگ پر اِختیار تھا۔ اُس نے اُونچی آواز میں اُس فرشتے سے جس کے پاس تیز درانتی تھی، کہا: ”اپنی تیز درانتی چلائیں اور زمین کے انگوروں کے گچھوں کو جمع کریں کیونکہ انگور پک گئے ہیں۔“ 19 اور اُس فرشتے نے زمین پر درانتی چلائی اور زمین کے انگوروں کی بیل کو کاٹا اور اِس کو روندنے کے لیے خدا کے غصے کے حوض میں پھینکا 20 جو شہر کے باہر تھا۔ جب اِس میں انگوروں کو روندا گیا تو اِتنا خون نکلا کہ 1600 فرلانگ* کے فاصلے پر موجود گھوڑوں کی لگاموں تک پہنچ گیا۔