یعقوب
5 امیرو، میری بات سنو۔ جو مصیبتیں تُم پر آنے والی ہیں، اُن کی وجہ سے دھاڑیں مار مار کر روؤ۔ 2 تمہاری دولت سڑ گئی ہے اور تمہارے کپڑوں کو کیڑا کھا گیا ہے۔ 3 تمہارے سونے اور چاندی کو زنگ کھا گیا ہے اور یہ زنگ تمہارے خلاف گواہی دے گا اور تمہارا گوشت کھائے گا۔ جو کچھ تُم نے جمع کِیا ہے، وہ آخری زمانے میں آگ کی طرح ہوگا۔ 4 دیکھو! جو مزدوری تُم نے اپنے کھیتوں میں کٹائی کرنے والوں کو نہیں دی، وہ پکار رہی ہے اور مزدوروں کی دُہائی فوجوں کے خدا یہوواہ* کے کانوں تک پہنچی ہے۔ 5 تُم نے دُنیا میں عیشوآرام کی زندگی گزاری اور نفسپرستی میں لگے رہے۔ تُم نے اپنے دلوں کو ذبح کے دن کے لیے موٹا تازہ کر لیا۔ 6 تُم نے نیک شخص کو قصوروار ٹھہرایا اور اُس کو قتل کِیا۔ کیا وہ تمہاری مخالفت نہیں کرتا؟
7 اِس لیے بھائیو، ہمارے مالک کی موجودگی تک صبر کریں۔ دیکھیں، ایک کسان زمین کے پھل کے لیے تب تک صبر سے اِنتظار کرتا ہے جب تک خزاں اور بہار کی بارشیں نہیں ہوتیں۔ 8 آپ بھی صبر کریں اور اپنے دلوں کو مضبوط کریں کیونکہ ہمارے مالک کی موجودگی کا وقت قریب آ گیا ہے۔
9 بھائیو، ایک دوسرے کے خلاف بڑبڑائیں نہیں* تاکہ آپ کو سزاوار نہ ٹھہرایا جائے۔ دیکھیں، منصف دروازے پر کھڑا ہے۔ 10 بھائیو، مشکلات جھیلنے اور صبر کرنے کے سلسلے میں اُن نبیوں سے سیکھیں جنہوں نے یہوواہ* کے نام سے پیغام سنایا۔ 11 دیکھیں، ہم اُن لوگوں کو بابرکت* سمجھتے ہیں جو ثابتقدم رہے ہیں۔ آپ نے ایوب کی ثابتقدمی کے بارے میں سنا ہے اور یہ بھی دیکھا ہے کہ یہوواہ* نے اُن کو اجر دیا۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہوواہ* بہت ہی شفیق* اور رحیم ہے۔
12 اِس کے علاوہ میرے بھائیو، قسم کھانا چھوڑ دیں۔ نہ تو آسمان کی قسم کھائیں نہ زمین کی اور نہ ہی کسی اَور چیز کی۔ آپ کی ہاں کا مطلب ہاں ہو اور آپ کی نہیں کا مطلب نہیں تاکہ آپ سزا کے لائق نہ ٹھہریں۔
13 کیا آپ میں سے کوئی مشکلات جھیل رہا ہے؟ وہ دُعا کرتا رہے۔ کیا آپ میں سے کوئی خوشباش ہے؟ وہ زبور گائے۔ 14 کیا آپ میں سے کوئی بیمار ہے؟ وہ کلیسیا کے بزرگوں کو اپنے پاس بلائے اور بزرگ اُس کے لیے دُعا کریں اور یہوواہ* کے نام سے اُس پر تیل ملیں۔ 15 جو دُعا ایمان سے کی جائے گی، اُس کے ذریعے بیمار* شخص ٹھیک ہو جائے گا اور یہوواہ* اُس کو اپنے پیروں پر کھڑا کرے گا۔ اِس کے علاوہ اگر اُس نے گُناہ کیے ہوں تو اُسے معافی مل جائے گی۔
16 اِس لیے ایک دوسرے کے سامنے اپنے گُناہوں کا اِقرار کریں اور ایک دوسرے کے لیے دُعا کریں تاکہ آپ کو شفا ملے۔ نیک شخص کی اِلتجا کا اثر بہت زبردست ہوتا ہے۔ 17 ایلیاہ نبی ہماری طرح اِنسان تھے اور ہمارے جیسے احساسات رکھتے تھے لیکن جب اُنہوں نے پوری لگن سے دُعا کی کہ بارش نہ ہو تو ساڑھے تین سال تک ملک میں بارش نہیں ہوئی۔ 18 اور جب اُنہوں نے دوبارہ دُعا کی تو آسمان سے بارش ہوئی اور فصلوں کی پیداوار ہونے لگی۔
19 میرے بھائیو، اگر آپ میں سے کوئی سچائی کی راہ سے گمراہ ہو جائے اور کوئی اَور شخص اُس کو واپس لائے 20 تو یہ جان لیں کہ جو شخص کسی گُناہگار کو غلط راہ سے واپس لاتا ہے، وہ اُس* کو موت سے بچاتا ہے اور اُس کے بےشمار گُناہوں پر پردہ ڈالتا ہے۔