کُلسّیوں
1 پولُس جسے خدا کی مرضی سے مسیح یسوع کا رسول مقرر کِیا گیا ہے اور ہمارے بھائی تیمُتھیُس کی طرف سے 2 کُلسّے میں رہنے والے سب مُقدسوں اور وفادار بھائیوں کے نام جو مسیح کے ساتھ متحد ہیں۔
ہمارا باپ خدا آپ کو عظیم رحمت اور سلامتی عطا کرے۔
3 جب بھی ہم آپ کے لیے دُعا کرتے ہیں، ہم مالک یسوع مسیح کے باپ یعنی خدا کا شکر ادا کرتے ہیں 4 کیونکہ ہم نے سنا ہے کہ آپ مسیح یسوع پر ایمان رکھتے ہیں اور سب مُقدسوں سے اُس اُمید کی وجہ سے محبت کرتے ہیں 5 جو آپ کے لیے آسمان پر رکھی گئی ہے۔ اِس اُمید کے بارے میں آپ کو سچائی کے پیغام یعنی اُس خوشخبری کے ذریعے پتہ چلا 6 جو آپ کو سنائی گئی۔ جس طرح یہ خوشخبری پوری دُنیا میں پھیل رہی ہے اور پھل لا رہی ہے اُسی طرح یہ آپ کے درمیان بھی اُس وقت سے پھل لا رہی ہے جب سے آپ نے اِس کے بارے میں سنا ہے اور خدا کی حقیقی رحمت کو صحیح طور پر جانا ہے۔ 7 آپ نے اِس عظیم رحمت کے بارے میں ہمارے پیارے ہمخدمت اِپَفراس سے سیکھا جو ہماری خاطر مسیح کے وفادار خادم کے طور پر خدمت کر رہے ہیں۔ 8 اُنہوں نے ہمیں آپ کی اُس محبت کے بارے میں بتایا ہے جو پاک روح کے ذریعے آپ میں پیدا ہوئی ہے۔
9 اِس لیے جب سے ہم نے اِس بارے میں سنا ہے، ہم آپ کے لیے دُعا کر رہے ہیں کہ آپ سچی دانشمندی اور روحانی سمجھ کے ساتھ اُس کی مرضی کے متعلق صحیح علم سے معمور ہو جائیں 10 تاکہ آپ کا چالچلن یہوواہ* کے لائق ہو اور آپ ہر معاملے میں اُسے خوش کرتے رہیں اور ہر اچھے کام میں پھل لاتے رہیں اور خدا کے بارے میں صحیح علم حاصل کرتے رہیں۔ 11 ہماری یہ بھی دُعا ہے کہ خدا اپنی عظیم قدرت کے ذریعے آپ کو ضرورت کے مطابق طاقت دے تاکہ آپ ہر صورت میں صبر اور خوشی سے ثابتقدم رہیں 12 اور باپ کا شکر کریں جس نے آپ کو اِس قابل بنایا ہے کہ آپ اُن مُقدسوں کے ساتھ وراثت حاصل کریں جو روشنی میں ہیں۔
13 اُس نے ہمیں تاریکی کے اِختیار سے چھڑایا اور اپنے عزیز بیٹے کی بادشاہت میں منتقل کِیا۔ 14 اِس بیٹے نے فدیہ دے کر ہمیں رِہائی یعنی گُناہوں کی معافی دِلائی۔ 15 وہ ہوبہو اَندیکھے خدا کی طرح ہے۔ اُسے سب چیزوں سے پہلے بنایا گیا* 16 کیونکہ اُس کے ذریعے آسمان اور زمین کی سب چیزیں بنائی گئیں یعنی ایسی چیزیں جو دِکھائی دیتی ہیں اور ایسی چیزیں بھی جو دِکھائی نہیں دیتیں، چاہے وہ تخت ہوں یا عہدے یا حکومتیں یا اِختیارات۔ یہ سب چیزیں اُس کے ذریعے اور اُس کے لیے بنائی گئیں۔ 17 وہ سب چیزوں سے پہلے موجود تھا اور اُس کے ذریعے باقی سب چیزیں وجود میں آئیں۔ 18 وہ جسم کا سر یعنی کلیسیا* کا سربراہ ہے۔ وہ آغاز ہے۔ وہ مُردوں میں سے پہلوٹھا ہے تاکہ وہ سب چیزوں میں پہلوٹھا ہو 19 کیونکہ خدا چاہتا تھا کہ اُسے سب چیزوں سے معمور کرے 20 اور اُس کے ذریعے سب چیزوں کے ساتھ صلح کرے، چاہے وہ زمین کی ہوں یا آسمان کی۔ یہ صلح اُس خون کے ذریعے ممکن ہوئی جو سُولی* پر بہایا گیا۔
21 یہ سچ ہے کہ ایک زمانے میں آپ خدا سے دُور تھے اور اُس کے دُشمن تھے کیونکہ آپ کا ذہن بُرے کاموں پر لگا تھا۔ 22 لیکن اب خدا نے اُس شخص کے جسم کے ذریعے جس نے اپنی جان دے دی، آپ کے ساتھ صلح کر لی ہے تاکہ آپ کو پاک اور بےعیب اور بےاِلزام حالت میں اپنے حضور پیش کرے 23 بشرطیکہ آپ کا ایمان مضبوط رہے، آپ بنیاد پر قائم رہیں، ثابتقدم رہیں اور اُس اُمید سے دُور نہ ہوں جس کا تعلق اُس خوشخبری سے ہے جو آپ نے سنی اور جس کی مُنادی آسمان کے نیچے ہر جگہ کی گئی۔ مَیں پولُس، اِسی خوشخبری کی مُنادی کرنے کے لیے خادم بنا۔
24 مَیں خوش ہوں کہ مَیں آپ کی خاطر اذیت اُٹھا رہا ہوں لیکن مجھے مسیح کے جسم یعنی کلیسیا کی خاطر جسمانی طور پر ابھی اَور اذیت اُٹھانی ہے۔ 25 مَیں اِس کلیسیا کا خادم بنا کیونکہ مجھے خدا کی طرف سے یہ ذمےداری دی گئی کہ آپ کی خاطر خدا کے کلام کی اچھی طرح سے مُنادی کروں 26 یعنی اُس مُقدس راز کی جو پُرانے زمانے اور پچھلی پُشتوں سے چھپا ہوا تھا۔ لیکن اب یہ راز اُس کے مُقدسوں پر ظاہر ہو گیا ہے 27 کیونکہ خدا اُن کو دِکھانا چاہتا تھا کہ یہ مُقدس راز بہت عظیم اور بیشقیمت ہے اور اِسے غیریہودیوں پر بھی ظاہر کِیا جا رہا ہے۔ راز یہ تھا کہ مسیح آپ کے ساتھ متحد ہے جس کی وجہ سے آپ اُس کی شان میں شریک ہونے کی اُمید رکھ سکتے ہیں۔ 28 ہم اُسی کی مُنادی کر رہے ہیں اور سب کو نصیحت کر رہے ہیں اور پوری دانشمندی سے تعلیم دے رہے ہیں تاکہ ہم ہر شخص کو مسیح کے پُختہ شاگرد کے طور پر خدا کے حضور پیش کر سکیں۔ 29 اِسی لیے مَیں سخت محنت کر رہا ہوں اور اُس کی طاقت مجھ پر اثر کر کے میری مدد کر رہی ہے۔