2-پطرس
1 یسوع مسیح کے غلام اور رسول شمعون پطرس کی طرف سے اُن کے نام خط جنہیں ہمارے خدا اور ہمارے نجاتدہندہ یسوع مسیح کی نیکی کے ذریعے اُتنا ہی قیمتی ایمان حاصل ہوا ہے جتنا ہمیں ہوا ہے۔
2 دُعا ہے کہ آپ خدا اور ہمارے مالک یسوع کے بارے میں صحیح علم حاصل کرتے رہیں اور یوں آپ کو اَور زیادہ رحمت اور سلامتی ملے۔ 3 کیونکہ خدا کی قدرت نے ہمیں وہ ساری چیزیں کثرت سے عطا کی ہیں جو زندگی اور خدا کی بندگی کے لیے ضروری ہیں۔ یہ چیزیں ہمیں اُس کے بارے میں صحیح علم حاصل کرنے سے ملی ہیں جس نے ہمیں اپنی عظمت اور اچھائی کے ذریعے بلایا تھا۔ 4 اِن کے ذریعے اُس نے ہم سے بہت شاندار اور قیمتی وعدے کیے ہیں تاکہ اِن وعدوں کی بِنا پر آپ خدا جیسے بن جائیں کیونکہ آپ دُنیا کی اُس آلودگی سے بچ گئے ہیں جو بےلگام نفسانی خواہشوں کا نتیجہ ہے۔
5 اِس لیے پوری کوشش کریں کہ آپ میں ایمان کے ساتھ ساتھ اچھائی ہو، اچھائی کے ساتھ ساتھ علم ہو، 6 علم کے ساتھ ساتھ ضبطِنفس ہو، ضبطِنفس کے ساتھ ساتھ ثابتقدمی ہو، ثابتقدمی کے ساتھ ساتھ خدا کی بندگی ہو، 7 خدا کی بندگی کے ساتھ ساتھ شفقت ہو اور شفقت کے ساتھ ساتھ محبت ہو۔ 8 کیونکہ اگر آپ میں یہ خوبیاں کثرت سے ہوں گی تو آپ ہمارے مالک یسوع مسیح کے صحیح علم پر عمل کرنے میں نہ تو سُست پڑیں گے اور نہ ہی بےپھل رہیں گے۔
9 جس شخص میں اِن خوبیوں کی کمی ہے، وہ اندھا ہے یعنی اپنی آنکھیں بند کر لیتا ہے تاکہ روشنی کو نہ دیکھے۔* وہ بھول گیا ہے کہ اُس کو اُن گُناہوں سے پاک کر دیا گیا ہے جو اُس نے پہلے کیے تھے۔ 10 بھائیو، بلائے اور چُنے ہوئے لوگوں کے طور پر وفادار رہنے کی بھرپور کوشش کریں کیونکہ اگر آپ اِن خوبیوں کو نکھارتے رہیں گے تو آپ کبھی ناکام نہیں ہوں گے۔ 11 اِس طرح آپ کو ہمارے مالک اور نجاتدہندہ یسوع مسیح کی ابدی بادشاہت میں داخل ہونے کا شاندار شرف عطا کِیا جائے گا۔
12 اِسی وجہ سے مَیں نے عزم کِیا ہے کہ آپ کو یہ باتیں یاد دِلاتا رہوں حالانکہ آپ اِنہیں جانتے ہیں اور اُس سچائی میں مضبوطی سے قائم ہیں جو آپ نے سیکھی ہے۔ 13 میرے خیال میں یہ مناسب ہے کہ جب تک کہ مَیں اِس خیمے* میں ہوں، آپ کو یہ باتیں یاد دِلاتا رہوں 14 کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ میرا خیمہ ہٹایا جانے والا ہے جیسے ہمارے مالک یسوع مسیح نے مجھے بتایا بھی تھا۔ 15 ہاں، مَیں آپ کو یاد دِلانے کی بھرپور کوشش کرتا رہوں گا تاکہ میرے جانے کے بعد آپ خود کو یہ باتیں یاد دِلا سکیں۔
16 ہم نے آپ کو ہمارے مالک یسوع مسیح کی قوت اور موجودگی کے بارے میں گھڑی ہوئی کہانیوں کی بِنا پر نہیں سکھایا بلکہ اُس شان کی بِنا پر جو ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھی تھی۔ 17 کیونکہ خدا یعنی باپ نے جو شانوشوکت کا سرچشمہ ہے، یسوع کو اُس وقت عزت اور عظمت بخشی جب اُس* نے کہا کہ ”یہ میرا پیارا بیٹا ہے جس سے مَیں خوش ہوں۔“ 18 ہاں، ہمیں یہ بات اُس وقت آسمان سے سنائی دی جب ہم اُن کے ساتھ مُقدس پہاڑ پر تھے۔
19 لہٰذا خدا کی پیشگوئیوں پر ہمارا ایمان اَور زیادہ مضبوط ہو گیا ہے۔ اور آپ کو بھی چاہیے کہ جب تک دن نہ نکلے اور صبح کا ستارہ دِکھائی نہ دے، اِن پیشگوئیوں پر توجہ دیتے رہیں کیونکہ یہ ایک چراغ کی طرح ہیں جو ایک تاریک جگہ یعنی آپ کے دلوں کو روشن کر رہا ہے۔ 20 اور آپ جانتے ہیں کہ صحیفوں کی کوئی بھی پیشگوئی اِنسانوں کی سوچ کی بِنا پر نہیں کی گئی۔ 21 کیونکہ یہ پیشگوئیاں اِنسانوں کی مرضی سے نہیں کی گئیں بلکہ پاک روح اِنسانوں کو ترغیب دیتی* تھی اور وہ خدا کی طرف سے بولتے تھے۔