2-تیمُتھیُس
4 مَیں خدا کے سامنے اور مسیح یسوع کے سامنے جو اپنے ظہور اور اپنی بادشاہت کے ذریعے زندوں اور مُردوں کی عدالت کریں گے، آپ کو سنجیدگی سے حکم دیتا ہوں کہ 2 دل لگا کر خدا کے کلام کی مُنادی کریں، چاہے اچھا وقت ہو یا بُرا؛ اور صبر سے اور مہارت سے تعلیم دے کر بہن بھائیوں کی درستی کریں، اُنہیں خبردار کریں اور اُنہیں نصیحت کریں۔ 3 کیونکہ ایک وقت آئے گا جب لوگ صحیح* تعلیم کے مطابق نہیں بلکہ اپنی خواہشوں کے مطابق چلیں گے۔ وہ اُن لوگوں کو اپنا اُستاد بنائیں گے جو ایسی باتیں سکھائیں گے جو اُن کے کانوں کو بھلی لگیں گی۔ 4 وہ سچائی پر دھیان دینا چھوڑ دیں گے اور جھوٹی کہانیوں پر دھیان دینے لگیں گے۔ 5 لیکن آپ ہر طرح کے حالات میں اپنے ہوشوحواس قائم رکھیں، مصیبتوں میں ثابتقدم رہیں، خوشخبری سناتے رہیں اور اچھی طرح سے خدا کی خدمت انجام دیتے رہیں۔
6 مَیں اُس مے کے نذرانے کی طرح ہوں جسے قربانگاہ پر اُنڈیلا جا رہا ہے اور میری رِہائی کا وقت قریب ہے۔ 7 مَیں اچھی کُشتی لڑ چُکا ہوں۔ مَیں نے دوڑ مکمل کر لی ہے۔ مَیں ایمان پر قائم رہا ہوں۔ 8 لہٰذا میرے لیے نیکی کا تاج رکھا ہے جو ہمارے مالک اور راست منصف مجھے اِنعام کے طور پر مقررہ وقت پر دیں گے اور نہ صرف مجھے بلکہ اُن سب لوگوں کو بھی جو اُن کے ظہور کے منتظر رہتے ہیں۔
9 میرے پاس جلد از جلد آنے کی کوشش کریں۔ 10 دیماس نے مجھے چھوڑ دیا ہے کیونکہ وہ اِس دُنیا* سے محبت کرنے لگا ہے اور تھسلُنیکے چلا گیا ہے جبکہ کریسکنس، گلتیہ گئے ہیں اور طِطُس، دلمتیہ گئے ہیں۔ 11 صرف لُوقا میرے پاس ہیں۔ مرقس کو بھی اپنے ساتھ لیتے آئیں کیونکہ وہ خدا کی خدمت کرنے میں میرے بڑے کام آتے ہیں۔ 12 مَیں نے تخِکُس کو اِفسس بھیج دیا ہے۔ 13 جب آپ آئیں تو وہ چوغہ لیتے آئیں جو مَیں نے تروآس میں کرپس کے پاس چھوڑا تھا اور ہاں، طومار* بھی لیتے آئیں، خاص طور پر چمڑے کے طومار۔
14 تانبے کے کاریگر سکندر نے مجھے بہت نقصان پہنچایا ہے۔ یہوواہ* اُسے اُس کے کاموں کے مطابق بدلہ دے گا۔ 15 اُس سے خبردار رہیں کیونکہ اُس نے ہمارے پیغام کی بہت زیادہ مخالفت کی۔
16 میری پہلی پیشی کے وقت کوئی بھی میرے ساتھ نہیں تھا، سب نے میرا ساتھ چھوڑ دیا۔ دُعا ہے کہ خدا اُنہیں اِس کے لیے جوابدہ نہ ٹھہرائے۔ 17 لیکن ہمارے مالک نے میری مدد کی اور مجھے طاقت بخشی تاکہ میرے ذریعے مُنادی کا کام اچھی طرح سے انجام دیا جائے اور سب قوموں تک خوشخبری پہنچ جائے۔ اُنہوں نے مجھے شیر کے مُنہ سے بھی بچایا۔ 18 وہ مجھے ہر طرح کی بُرائی سے بچائیں گے اور اپنی آسمانی بادشاہت کے لیے محفوظ رکھیں گے۔ اُن کی بڑائی ہمیشہ ہمیشہ تک ہو۔ آمین۔
19 پرِسکہ اور اکوِلہ کو میرا سلام دیں اور اُنیسِفرس کے گھر والوں کو بھی۔
20 اِراستُس، کُرنتھس میں رُک گئے اور تروفیمس کو مَیں نے میلیتُس میں چھوڑ دیا کیونکہ وہ بیمار تھے۔ 21 سردی کا موسم شروع ہونے سے پہلے میرے پاس پہنچنے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
یُوبولُس، پُودینس، لینُس، کلودیہ اور یہاں کے سب بہن بھائیوں کی طرف سے سلام۔
22 جو جذبہ* آپ ظاہر کرتے ہیں، اُس پر ہمارے مالک کی برکت ہو۔ اُن کی عظیم رحمت آپ کے ساتھ رہے۔