اِفِیسوں
2 خدا نے آپ کو زندہ بھی کِیا ہے حالانکہ آپ اپنی خطاؤں اور گُناہوں کی وجہ سے مُردہ تھے 2 اور اِس زمانے کے طورطریقوں کے مطابق چلتے تھے اور اُس حاکم کے مطابق بھی جس کے اِختیار میں دُنیا کی روح ہے جو ہوا کی طرح ہے۔ یہ روح اب نافرمانی کے بیٹوں پر اثر کر رہی ہے۔ 3 ہاں، ایک زمانے میں ہم بھی اُن کی طرح اپنے جسم کی خواہشوں کے مطابق چلتے تھے اور اپنے خیالوں اور جسم کی مرضی پر عمل کرتے تھے۔ اور ہم پیدائش سے ہی باقی لوگوں کی طرح غضب کے بیٹے تھے۔ 4 لیکن خدا بڑا رحیم ہے۔ اُس نے اپنی عظیم محبت ہم پر ظاہر کی 5 اور ہمیں مسیح کے ساتھ زندہ کِیا حالانکہ ہم اپنی خطاؤں کی وجہ سے مُردہ تھے۔ اُس کی عظیم رحمت کی وجہ سے آپ نے نجات پائی۔ 6 اور چونکہ ہم مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں اِس لیے خدا نے ہم سب کو زندہ کِیا اور ہمیں آسمان پر بٹھایا 7 تاکہ آنے والے زمانے میں ہمیں فیاضی سے اپنی عظیم رحمت عطا کرے کیونکہ ہم مسیح یسوع کے پیروکار ہیں۔
8 اِسی عظیم رحمت کی بِنا پر آپ نے اپنے ایمان کی وجہ سے نجات حاصل کی۔ یہ نجات آپ کو اپنے کاموں کی وجہ سے نہیں ملی بلکہ یہ خدا کی نعمت ہے۔ 9 دراصل یہ نجات کاموں کی وجہ سے نہیں ملتی تاکہ کسی کو شیخی مارنے کا موقع نہ ملے۔ 10 ہم خدا کی دستکاری ہیں اور چونکہ ہم مسیح یسوع کے ساتھ متحد ہیں اِس لیے خدا نے ہمیں وہ اچھے کام کرنے کے لیے بنایا ہے جو اُس نے پہلے سے طے کیے تھے۔
11 آپ جو پیدائشی طور پر غیریہودی ہیں، یاد رکھیں کہ وہ لوگ جن کا ختنہ ہوا تھا ایک زمانے میں آپ کو غیرمختون کہا کرتے تھے۔ 12 اُس وقت آپ مسیح کو نہیں جانتے تھے، اِسرائیل کی قوم سے الگ تھے اور اُن عہدوں میں شریک نہیں تھے جو وعدے کے مطابق باندھے گئے تھے۔ آپ کسی اُمید کے بغیر دُنیا میں رہ رہے تھے اور خدا کو نہیں جانتے تھے۔ 13 لیکن اب آپ مسیح یسوع کے پیروکار ہیں اور اِس لیے آپ جو ایک زمانے میں خدا سے دُور تھے، مسیح کے خون کے ذریعے اُس کے قریب آ گئے ہیں 14 کیونکہ مسیح نے ہمارے درمیان امن قائم کِیا اور دو گروہوں کے درمیان کھڑی دیوار کو ڈھا کر اُنہیں ایک گروہ بنا دیا۔ 15 اُس نے اپنے جسم کے ذریعے ہمارے درمیان دُشمنی کی وجہ کو دُور کر دیا یعنی اُس شریعت کو جس میں حکم اور فرمان تھے تاکہ وہ اُن دو گروہوں کو جو اُس کے ساتھ متحد ہیں، ایک ہی گروہ* بنا دے اور اُن میں امن قائم کر دے۔ 16 اور اُس نے اپنے جسم کے ذریعے یعنی سُولی* کے ذریعے اُن کی دُشمنی کو ختم کر دیا اور خدا سے اُن کی صلح کرا دی اور یوں وہ خدا کے لیے ایک ہی قوم* بن گئے۔ 17 اور اُس نے آ کر آپ کو جو خدا سے دُور تھے اور ہمیں جو خدا کے قریب تھے، امن کی خوشخبری سنائی 18 تاکہ اُس کے ذریعے دونوں گروہ ایک ہی روح کے ذریعے بِلاجھجک باپ کے قریب جا سکیں۔
19 لہٰذا اب آپ اجنبی اور پردیسی نہیں رہے بلکہ آپ مُقدسوں کے ہموطن ہیں اور خدا کے گھرانے کے فرد ہیں۔ 20 آپ ایک ایسی عمارت ہیں جو رسولوں اور نبیوں کی بنیاد پر بنائی جا رہی ہے اور اِس بنیاد کا سب سے اہم پتھر مسیح یسوع ہیں۔ 21 یہ پوری عمارت اُن کے ساتھ متحد ہے اور اِس کے سارے حصے ترتیب سے جُڑے ہوئے ہیں اور یہوواہ* کے لیے ایک مُقدس ہیکل* بن رہے ہیں۔ 22 اور آپ جو مسیح کے ساتھ متحد ہیں، ایک ایسی عمارت بن رہے ہیں جس میں خدا اپنی روح کے ذریعے رہے گا۔